بھٹکل یکم جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم مرچنٹ اسوسی ایشن نے تمام مسلم کاروباری حضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ انجمن کی صد سالہ تقریبات کے جلوس کے دوران جمعرات 3 جنوری کو دوپہر دو بجے سے پانچ بجے کے درمیان اپنی دکانوں اور کاروباری اداروں کو بند رکھیں اور انجمن کی ریلی میں شامل ہوکر اسے کامیاب بنائیں۔
اسوسی ایشن کی ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر افتخار رکن الدین نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی صد سالہ تقریبات کا آغاز بتاریخ 3جنوری 2019جمعرات کے دن دو پہر 2سے 5کے درمیان ایک شاندار جلوس کی شکل میں ہوگا۔جو انجمن آباد سے شروع ہوکر سلطانی محلہ، چوک بازار ، محمد علی روڈ اور مین روڈ سے ہوتے ہوئے انجمن گراؤنڈ پر اختتام پزیر ہوگا۔
ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ انجمن حامئی مسلمین کی جانب سے اسوسی ایشن کو مراسلہ موصول ہوا ہے جس میں اس جلوس کو باوقار انداز میں کامیاب بنانے کے لئے دکانداروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ لہٰذا بھٹکل مسلم مرچنٹس ایسو سی ایشن کی طرف سے تمام مسلم کاروباری حضرات سے درخواست کی جاتی ہے کہ 3جنوری بروز جمعرات کو دو پہر 2سے 5کے درمیان اپنی دکانیں اور کاروبار بند رکھتے ہوئے کثیر تعداد میں جلوس میں شریک ہوں اور مرکزی و ملّی ادارے کے ساتھ بھرپور تعاون فرمائیں۔